امیٹھی،11؍ا پریل(ایس اونیوز؍یواین آئی) کیرلا کے وائناڈ پارلیمانی سیٹ سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے چہارشنبہ کو اپنی روایتی سیٹ امیٹھی سے پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ اس وقت ان کے خاندان کے دیگرافراد موجود رہے ۔راہل نے بہن پرینکا گاندھی واڈرا، اپنے بہنوئی رابرٹ واڈرا اور ان کے بچے ریحان اورمیریا کے ساتھ40منٹ کا روڈ شو کیا اور اس کے بعدگوری گنج میں واقع کلکٹریٹ پہنچ کر اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔قابل ذکر ہے کہ پانچویں مرحلے کے لئے نامزدگی کے پہلے دن ہی راہل نے پرچہ نامزدگی داخل کیا اور یہ چوتھی مرتبہ ہے کہ راہل امیٹھی سے ہی انتخابی میدان میں ہیں۔راہل کی والدہ اور یو پی اے کی چیئرمین سونیا گاندھی نے طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے روڈ شو میں شرکت نہیں کی۔لیکن بیٹے راہل کے ساتھ پرچہ نامزدگی کے دوران کلکٹریٹ دفتر میں موجود رہیں۔نامزدگی کے دوران راہل کے ساتھ پرینکا گاندھی، سونیا گاندھی، رابرٹ واڈرا اور وکیل ساتھ میں موجود رہے ۔کانگریس صدر پہلی بار دوسیٹوں کیرلا کے وائناڈ اور امیٹھی سے انتخابی میدان میں ہیں۔پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعدراہل فرصت گنج ایئر پورٹ پہنچے اور خصوصی طیارے سے بہار اور مغربی بنگال میں انتخابی ریلی کے لئے روانہ ہوگئے جبکہ خاندان کے دیگر اراکین رائے بریلی گیسٹ ہاؤز واپس چلے گئے ۔جمعرات کو پورا خاندان ایک بار پھر سونیا گاندھی کے پرچہ نامزدگی کے قافلے میں موجود ہوگا سونیا کل رائے بریلی سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گی۔امیٹھی میں راہل کا مقابلہ مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی سے ہے جنہیں راہل نے 2014کے عام انتخابات میں تقریباً ایک لاکھ ووٹوں سے شکست دی تھی۔جبکہ رائے بریلی میں بی جے پی نے سابق کانگریس لیڈر و سابق ایم ایل سی دنیش پرتاپ سنگھ کو سونیا گاندھی کے خلاف میدان میں اتارا ہے جس نے مقابلے کو کافی دلچسپ بنا دیا ہے ۔